لاہور: راوئیونڈ آپریشن آخری مراحل میں داخل



لاہور (نیوز ڈیسک )وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے قریب راوئیونڈ کے علاقے  میں پچھلے 10 گھنٹے سے سیکیورٹی فورسز  اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے جس میں ایلیٹ فورس کا ایک اہلکار جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات  دہشتگردوں کی موجودگی کی  اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک کمپاؤنڈ کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن کے دوران کمپاؤنڈ میں موجود دہشتگردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایلیٹ فورس کا ایک جوان شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ ایس پی زاہد مروت کے مطابق دہشتگردوں کے پاس  جدید اسلحہ موجود ہے. تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سکیورٹی فورسز کے جوان کمپاونڈ کے اندر داخل ہونا شروع  ہو گئے ہیں. خیال ظاہر کیا گیا ہے کہ گھر کے اندر تہہ خانہ موجود ہے جہاں دہشت گرد اس وقت چھپے ہوئے ہیں .
پولیس حکام نے  بتایا کہ رات 2 بجے شروع ہونے والا آپریشن آخری مراحل میں ہے جبکہ دہشتگرد پنڈرائیاں کے ایک کمپاؤنڈ میں موجود  ہیں جنہیں چاروں اطراف سے گھیرے میں لے رکھا ہے. اس سے قبل  کمپاؤنڈ سے 3 راکٹ بھی فائر کئے گئے جس کے نتیجے میں قریبی مکانات کو نقصان پہنچا۔
 وزیر قانون پنجاب رانا مشہود نے میڈیا کو بتایا کہ دہشت گردوں کو زندہ گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ ان سے مزید معلومات لی جا سکیں . ان کا کہنا تھا کہ آپریشن مکمل ہونے پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی.
بتایا گیا ہے کہ یہ کمپاونڈ ستار نامی شخص کی ملکیت ہے ، پولیس نے اسے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے . ستار نے ایک مہینہ قبل یہ کمپاونڈ ڈھائی ہزار روپے کرایہ  پر دیا تھا لیکن پھر اس کا کرایہ  بڑھا کر 5 ہزار روپے کر دیا جس سے شک پیدا ہوتا ہے کہ ملک مکان کو کرایہ داروں کی مشکوک سرگرمیوں کہ علم تھا .. سکیورٹی ذرائع کے مطابق ستار سے کرایہ  داروں کے متعلق پوچھ گچھ کی جا رہی ہے. کمپاؤنڈ کے اندر دہشت گردوں کے ہمراہ خواتین کی موجودگی کی بھی اطلاعات ہیں  .  پنڈاریاں جانے والے تمام راستے سیل کر دیے گئے ہیں اور قریبی مکانوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے . آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کی مدد کے لئے رینجرز کے اہلکار بھی  موجود ہیں .