کمرشل طیارے کے کرتبوں نے جنگی طیاروں کو پیچھے چھوڑ دیا



نیویارک (نیوز ڈیسک) امریکی جہاز ساز کمپنی بوئنگ کے نئے طیارے بوئنگ 787-9 نے منظر عام پر آتے ہی ایسے حیران کن کرتب دکھائے کہ دیکھنے والے جنگی جہازوں کے کرتبوںکو بھی بھول گئے۔ یہ جہاز فارن برو میں منعقد ہونے والے برطانیہ کے سب سے بڑے ایئرشو میں اپنے کرتب دکھا رہا تھا۔ اگرچہ یہ جہاز کوئی فائٹر جیٹ نہیں ہے لیکن اس کے باوجود اس نے ایسے ایسے کمال دکھائے کہ جو صرف جنگی جہازوں کا خاصہ ہیں۔ جہاز نے انتہائی سرعت سے ٹیک آف کرتے ہی سیدھا آسمان کی طرف اٹھنا شروع کردیا اور انتہائی بلندی پر جانے کے بعد تیزی سے دائیں بائیں گھومنے کا حیرت انگیز مظاہرہ کیا۔ اس جہاز نے انتہائی کم فاصلے سے بالکل درست لینڈنگ کرکے اور دوران لیڈنگ ہی دوبارہ فضا میں بلند ہوکر سب کو حیران کردیا۔ جہاز کو ماہر ٹیسٹ پائلٹ مائیک اور رینڈی اڑا رہے تھے۔ بوئنگ کا یہ جدید ترین جہاز دنیا کے کسی بھی دوسرے کمرشل طیارے سے زیادہ بلندی پر اور زیادہ رفتار کے ساتھ اُڑ سکتا ہے اور اس کی قیمت 25 ارب روپے ہے۔