رائےونڈ آپریشن،مرنے والا دہشت گرد اقصن محبوب نہیں ، ذوالفقار نذیر تھا:پولیس



لاہور(ما نیٹرنگ ڈیسک ) رائے ونڈ آپریشن کے بارے میں ایس پی سی آئی اے نے دعوی کیا ہے کہ آپریشن میں ہلاک ہونےوالا دہشتگرد اقصن محبوب نہیں بلکہ ذوالفقار نذیر تھا، اقصن محبوب زندہ اور فورسز کی تحویل میں ہے ۔تفصیلات کے مطابق رائےونڈ آپریشن میں ہلاک ہونے والے جس دہشتگرد کو اقصن محبوب قرار دیا جارہا تھا اب اس کی شناخت تبدیل ہوگئی ہے۔ سی آئی اے پولیس نے دعوی ہے کہ مرنے والا شدت پسند ذوالفقار نذیر ہے جسکی شناخت اسکے بھائی نے کر لی ہے،مرنےوالے دہشتگرد کا تعلق پاکپتن کے علاقے ملکہ ہانس سے ہے۔پولیس کے مطابق اقصن محبوب زندہ ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحویل میں ہے جبکہ پولیس نے اوکاڑہ کے نواحی گاﺅں سے اس کے اہل خانہ کو بھی گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کررکھا ہے۔ واضح رہے کہ 17جولائی کو رائےونڈ روڈ پر پنڈ رائیاں میں ہونےوالے آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے دو دہشتگردوں کو مار گرانے کا دعوی کیا تھا جس میں ایک دہشتگرد کی شناخت طفیل کے نام سے ہوئی جس کا تعلق بھی پاکپتن سے بتایا جاتا ہے۔