’اتنی سی تو بات تھی‘ ویٹرس نے کھانے میں موجود کاکروچ نگل لیا



بیجنگ (نیوز ڈیسک) اگر ریسٹورنٹ میں کھانا کھاتے ہوئے آپ کو کھانے کے متعلق کوئی شکایت پیدا ہو تو یقیناً عملہ آپ سے معذرت کرے گا لیکن چین کے ایک ریسٹورنٹ میں عملے نے معذرت کرنے کی بجائے ایک ایسی حرکت کردی کہ متاثرہ گاہک کے ساتھ ساتھ ہر دیکھنے والا دم بخود رہ گیا۔ سشوان صوبے میں زیانگ نامی شخص ایک ریسٹورنٹ میں بھنے ہوئے کریلے کی مشہور ڈش کھانے کیلئے جب وہ مزے لے لے کر بھنے کریلوں سے لطف اندوز ہورہا تھا تو ان میں سے ایک بھنا ہوا کاکروچ بھی برآمد ہوگیا۔ زیانگ نے شدید صدمے کی حالت میں سٹاف سے شکایت کی۔ اسے کھانا دینے والی خاتون ویٹر نے بجائے اظہار شرمندگی کے زیانگ کو بتایا کہ کھانے سے کاکروچ برآمد ہونا کوئی اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہے اور یہ کہ وہ جہاں بھی کھانا کھائے کاکروچ برآمد ہوسکتا ہے۔ اس وضاحت پر زیانگ مشتعل ہوگیا اور خاتون سے کہا کہ اگر یہ اتنی ہی معمولی بات ہے تو وہ خود کاکروچ کھا کر دکھائے۔ اس کا یہ کہنا تھا کہ خاتون ویٹر نے کاکروچ اٹھا کر منہ میں ڈالا اور چند لمحوں میں اسے چبا کر نگل گئی۔ اس کے بعد خاتون نے زیانگ سے کہا کہ بس اتنی بات تھی جس پر آپ احتجاج کررہے تھے۔ اس کا مزید کہنا تھا کہ اس نے ثابت کردیا تھا کہ کاکروچ کھانے میں قطعاً کوئی حرج نہیں۔ زیانگ نے اس واقعہ کے پیش آنے کے بعد مزید احتجاج بند کردیا اور خاموشی سے ادائیگی کرکے سر جھکائے ہوئے ریسٹورنٹ سے نکل گیا۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے ایک ریسٹورنٹ کے کھانے سے کنڈوم نکل آیا تھا جسے گاہک کے احتجاج پر ہوٹل کے منیجر نے نگل لیا تھا۔