بغداد (نیوز ڈیسک) شدت پسند گروپ الدولہ الاسلامی (ISIS) کے سربراہ ابو بکر البغدادی نے حال ہی میں خلافت کا اعلان کرنے کے بعد پہلا خطبہ دیا جس کی ویڈیو بھی نشر کی گئی اور جہاں ان کی باتیں وجہ تنازعہ بنی ہوئی ہیں وہیں ان کی کلائی کی چمکدار گھڑی کو بھی بعض حلقوں نے مشہور فلمی کردار جیمز بانڈ007 کی گھڑی قرار دے دیا ہے۔ ویڈیو میں البغدادی کی دائیں کلائی پر جو گھڑی نظر آرہی ہے لوگوں نے اسے ہو بہو جیمز بانڈ کی گھڑی قرار دے دیا ہے جو سیوڈن کی گھڑی ساز کمپنی اومیگا کی مشہور زمانہ ”اومیگا سمیسٹر“ گھڑی ہے جس کی قیمت تقریباً 5 لاکھ روپے ہے اور جیمز بانڈ اپنی اکثر فلموں میں یہی گھڑی پہنے نظر آتا ہے۔ لیکن انٹرنیٹ پر البغدادی کے معتقدین نے وضاحت کی ہے کہ ان کی گھڑی جیمز بانڈ کی قیمتی گھڑی نہیں بلکہ ایک مقامی کمپنی الفجر کی بنائی ہوئی WA-105Deluxe گھڑی ہے جس میں نمازوں کے اوقات اور قبلہ کی سمت معلوم کرنے کی سہولت دستیاب ہیں اور اس کی قیمت قریبا چار سو ڈالر ہے ۔ اگرچہ ابھی حتمی طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ البغدادی کی گھڑی جیمز بانڈ والی ہے یا الفجر کی بنائی ہوئی، لیکن سوشل میڈیا پر دونوں آراءکے حامی بکثرت پائے جارہے ہیں اور یہ بحث شدت اختیار کرتی جارہی ہے۔
حامیوں کے خیال میں بغدادی نے یہ گھڑ ی پہن رکھی تھی
مخالفین کے خیال میں بغدادی نے یہ گھڑ ی پہن رکھی تھی