عدالت نے لاٹری کی رقم مالک ،ویٹر میں برابر تقسیم کردی



لندن (نیوز ڈیسک) انگلینڈ کی ایک عدالت نے 17 لاکھ ڈالر (تقریباً 17کروڑ پاکستانی روپے) کی لاٹری جیتنے والے ریسٹورنٹ منیجر کو حکم دے دیا کہ وہ انعام کی رقم کا نصف ریسٹورنٹ کے ویٹر کو دے دے کیونکہ ویٹر نے ٹکٹ خریدنے کا مشورہ دیا تھا۔ منیجر اور ویٹر یارک شہر میں واقع کاپاڈوکیا نامی ترک ریسٹورنٹ پر کام کرتے ہیں۔ فتح اوزکان نامی ویٹر نے خواب دیکھا کہ وہ اپنے منیجر کو نوٹوں کا تحفہ پیش کررہا ہے جس کے بعد اس نے منیجر کو اس بات پر راضی کیا کہ وہ قریبی دکان سے لاٹری کا ٹکٹ خریدلے کیونکہ اسے یقین تھا کہ اس کا خواب سیچ ثابت ہوگا اور ان کا انعام ضرور نکلے گا۔ منیجر نے ویٹر کے اصرار پر ٹکٹ خرید لیا اور جب قرعہ اندازی ہوئی تو واقعی ان کا 17 لاکھ ڈالر کا انعام نکل آیا۔ لیکن انعام نکلتے ہی منیجر کی نیت بدل گئی اور اس نے ویٹر کو کچھ بھی دینے سے انکار کردیا۔ ویٹر کی عدالت میں شکایت پر جج نے فیصلہ دیا کہ چونکہ اس نے منیجر کو تین گھنٹے اصرار کرکے ٹکٹ خریدنے پرمائل کیا اور ان کی گفتگو سے یہی ظاہر ہوتا ہے کہ وہ دونوں مل کر ٹکٹ خرید رہے تھے اس لئے دونوں کو انعام بھی آدھا آدھا کرنا چاہیے۔ ویٹر کو اپنے خواب کی تعمیر ساڑھے آٹھ لاکھ ڈالر کی صورت میں مل چکی ہے۔