ارسلان افتخار کی درخواست مسترد، خاندان کی تفصیلات غیر متعلقہ شخص کو فراہم کرنا غیر قانونی ہے



اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے عمران خان کی فیملی رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ کی کاپی کے حصول سے متعلق ارسلان افتخار کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ نادرا کے ترجمان نے کہا ہے کہ کسی بھی شہری کے خاندان کی تفصیلات غیر متعلقہ شخص کو فراہم کرنا غیر قانونی ہے۔واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کے بیٹے ارسلان افتخار نے عمران خان کی فیملی رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ کے حصول کیلئے نادرا کو درخواست دی تھی جسے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ ایف آر سی یا فارم بی شہری خود یا پھر خاندان کا کوئی رکن حاصل کر سکتا ہے۔واضح رہے کہ ارسلان افتخار نے عمران خان پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے نادرا میں رجسٹریشن کے دوران فیملی سے متعلق حقائق چھپائے ہیں جس کے باعث وہ آئین کے آرٹیکل 62,63 پر پورا نہیں اترتے۔ قبل ازیں ارسلان افتخار نے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عمران خان کے کاغذاتِ نامزدگی کی کاپی فراہم کرنے کی درخواست کی تھی جسے قبول کر لیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن سے ملنے والے کاغذات نامزدگی میں عمران خان نے دو بیٹوں قاسم خان اور سلمان خان کے نام ہی درج کر رکھے ہیں۔