خلیجی ریاستیں سب سے زیادہ کھانا ضائع کرتی ہیں



دبئی (نیوزڈیسک ) انوائرمنٹ نامی عالمی ایجنسی کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک کی رابطہ کونسل (Gulf Cooperation Council) کے ممبر ممالک ہر سال ڈیڑھ سو ملین ٹن کے قریب کوڑے کی شکل میں کھانا ضائع کرتے ہیں۔ ابوظہبی میں جاری ہونے والی 2014ءکی اس تازہ ترین رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جی سی سی 6 ممالک بحرین، کویت، عمان، قطر،سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پر مشتمل ہے اور رمضان کی مہینہ میں توقع کی جا رہی ہے کہ ان ممالک میں مزید خوراک کا ضیاع ہو گا۔ دبئی میونسپلٹی کے مطابق عام مہینوں میں عرب امارات میں ایک گھر کے کوڑے میں غذا کا حصہ 39 فیصد ہوتا ہے جبکہ ماہ صیام میں یہ شرح بڑھ کر 55 فیصد تک پہنچ جاتی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بحرین سپریم کونسل برائے ماحولیات کا کہنا ہے ان کے ملک میں ماہ رمضان کے دوران 4 سو ٹن خوراک ضائع کی جاتی ہے۔ یہاں یہ بات بھی اہم ہے کہ جی سی سی کے اکثر ممبر ممالک کو تازہ زرعی اجناس کی کمی کا سامنا ہے، اسی لئے یہاں کے باسی امپورٹڈ چیزوں پر انحصار کرتے ہیں۔ یو اے ای، قطر اور عمان ملکی ضروریات پوری کرنے کے لئے 90 فیصد تک خوراک باہر سے منگواتے ہیں۔ اس ضمن میں گلوبل ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سی او او جیرون ونسنٹ کہتے ہیںکہ ماہ رمضان میں خوراک کا اتنا زیادہ ضیاع دنیا کے لئے مسائل پیدا کر سکتا ہے۔