فری ٹاؤن (نیوز ڈیسک) مغربی افریقہ میں موت کا طوفان برپا کرنے والے خطرناک ایبولا وائرس کے بارے میں تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ یہ کم عمر لوگوں پر نسبتاً کم اثر انداز ہوتا ہے جبکہ 45 سال سے زائد عمر کے 94 فیصد لوگ اس کا شکار بننے کے بعد زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔
افریقی ملک سیر الیون کے کینیما گورنمنٹ ہسپتال میں ڈاکٹروں نے پچھلے 10 سال کے دوران ایبولا متاثرین کے بارے میں متفرق معلومات جمع کی ہیں جن سے پہلی بار اس کے شکاروں کے بارے میں مفید اعدادوشمار سامنے آئے ہیں۔ اس تحقیق میں 47 ڈاکٹر شامل تھے۔ جن میں سے چھ اسی وائرس کا شکار ہوکر ہلاک ہوچکے ہیں۔ اکیس سال یا اس سے کم عمر ایبولا متاثرین میں ہلاکتوں کی شرح 57 فیصد پائی گئی ہے۔
یہ بھی معلوم ہوا کہ وائرس جسم میں بیماری پھیلانے سے پہلے 6 سے 12 دن تک افزائش کے عمل میں گزارتا ہے اور جو مریض کمزوری، غنودگی اور اسہال جیسے امراض کا شکار ہوں اُن میں شرح اموات زیادہ ہوتی ہیں۔ تحقیق کاروں نے یہ بھی بتایا ہے کہ جن مریضوں کو ہسپتال میں داخلے کے وقت شدید بخار تھا اُن میں بھی ہلاکتوں کی شرح دیگر مریضوں سے زیادہ رہی۔